لکھنؤ، 4اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا ) یوپی کے لکھیم پور کھیری ضلع میں پیش آنے والے سانحے جس میں 4کسان سمیت 8لوگوں کی ہلاکت کی خبر ہے ، کے تحت سیاسی فضا گرم ہوگئی ہے۔ اس تناظر میں بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے دکھ کا اظہار کیا ہے اور بی جے پی کی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ لکھیم پور کھیری واقعہ میں بی جے پی کے دو وزراء کے ملوث ہونے کی وجہ سے مجھے نہیں لگتا کہ اس سانحہ کی مناسب طریقے سے تحقیقات کی جائے گی۔ مایاوتی نے کہا کہ اس واقعہ میں اب تک 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پیر کو ٹوئٹ کیا کہ بی ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ ستیش چندر مشرا کو اتوار کی شب لکھنؤ میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند رکھا گیا تھا ، جو اب بھی جاری ہے ، تاکہ ان کی قیادت میں پارٹی کا وفدجا کر کسانوں کی ہلاکت کی کی صحیح رپورٹ نہ دے سکے ۔ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ یوپی کے لکھیم پور کھیری واقعہ میں بی جے پی کے دو وزیر کے ملوث ہونے کی وجہ سے متاثرین کو مناسب تحقیقات، انصاف اور مجرموں کو سخت سزا کا ملنا ، ممکن نہیں لگتا‘۔بی ایس پی نے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔